۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
نمایندگی جامعۃ المصطفیٰ ہند کے زیر اہتمام جامعہ ناظمیہ لکھنؤ میں دس روزہ تربیت مبلغین کیمپ اختتام پذیر ہوا۔

حوزہ/ نمایندگی جامعۃ المصطفیٰ ہند کے زیر اہتمام جامعہ ناظمیہ لکھنؤ میں دس روزہ تربیت مبلغین کیمپ اختتام پذیر ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ نمایندگی جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کی جانب سے یوپی کے طلاب مدارس علمیہ کے لئے جامعہ ناظمیہ لکھنؤ میں دس روزہ تربیت مبلغین کیمپ منعقد ہوا۔

تصاویر دیکھیں: نمایندگی جامعۃ المصطفیٰ ہند کے زیر اہتمام جامعہ ناظمیہ لکھنؤ میں دس روزہ تربیت مبلغین کیمپ

اس کیمپ میں بزرگ عالم دین آیۃ اللہ سید حمید الحسن عمید جامعہ ناظمیہ لکھنؤ، معروف عالم و معلم حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید منظر صادق زیدی، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا ظہیر عباس استاد جامعہ ناظمیہ لکھنؤ، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید فرید الحسن مدیر جامعہ ناظمیہ لکھنؤ، حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید عترت عباس استاد جامعہ ناظمیہ، معروف مبلغ خطیب شعور حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید گلزار حسین جعفری، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد حسنین باقری استاد جامعہ ناظمیہ و مدیر ماہنامہ اصلاح لکھنؤ، استاد جامعہ امامیہ حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا فیروز علی بنارسی مینیجر جامعۃ الزہراؑ تنظیم المکاتب و ایڈیر ماہنامہ تنظیم المکاتب لکھنؤ نے مدرس و مربی کے فرائض انجام دئیے۔

یوم ولادت با سعادت امام حسین علیہ السلام ۳؍ شعبان المعظم کو صبح میں جامعہ ناظمیہ لکھنؤ کے مرکزی ہال میں تربیت مبلغین کیمپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ جس کا آغاز قاری مولانا اعجاز حسین فاضل جامعہ امامیہ نے تلاوت قرآن کریم سے کیا، جامعہ ناظمیہ اور جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب کے طلاب نے تواشیع پڑھی۔ منتخب شعراء نے منقبتیں پیش کی۔

بعدہ آیۃ اللہ سید حمید الحسن عمید جامعہ ناظمیہ لکھنؤ نے فرمایا: میں نمایندگی جامعۃ المصطفیٰ ہند کے ڈائریکٹر حجۃ الاسلام و المسلمین آقائے رضا شاکری دام عزہ کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے اس کیمپ کے انعقاد کے لئے جامعہ ناظمیہ کا انتخاب کیا، جامعہ ناظمیہ شہر کا قدیمی ترین مدرسہ ہے، اکثر بانیان و مدیران مدارس اسی جامعہ ناظمیہ کے فارغ ہیں، میری دیرینہ خواہش تھی کہ تمام مدارس ایک جگہ جمع ہوں الحمد للہ نمایندگی جامعۃ المصطفیٰ کے ذریعہ یہ عظیم کام انجام پایا، یہ نیک کام آقائے شاکری نے انجام دیا۔

نمایندگی جامعۃ المصطفیٰ ہند کے ڈائریکٹر حجۃ الاسلام و المسلمین آقائے رضا شاکری دام عزہ نے فرمایا: تبلیغ صرف زبانی نہیں ہے بلکہ معصومؑ کی روایت کی روشنی میں عملی ہے، جو انسان خود نصف شب میں بیدار نہیں ہو سکتا وہ کیسے معاشرہ کی ہدایت کرے گا اور کیسے لوگوں کو اعمال خیر کی دعوت دے گا۔ رہبر کبیر انقلاب امام خمینی قدس سرہ کا دستور تھا کہ ماہ رمضان المبارک میں روزانہ قرآن کریم کے تین پاروں کی تلاوت کرتے تھے ہمیں چاہئیے کہ گذشتہ صالح علماء کی روش پر عمل کریں۔

نمایندہ جامعۃ المصطفیٰ ہند نے فرمایا: آج امام حسین علیہ السلام کی ولادت با سعادت کی تاریخ ہے، آج عید کا دن ہے ہمیں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور امام حسین علیہ السلام سے عیدی لینی چاہئیے لیکن ہمیں ان سے مانگنے کا سلیقہ معلوم ہونا چاہئیے۔ اگر کمال تک پہنچنے کے لئے ہمارے بال و پر قطع ہیں تو ہمیں چاہئیے کہ امام حسین علیہ السلام سے مدد طلب کریں تا کہ وہ ہمیں کمال تک پہنچنے کے لئے بال و پر عطا کریں۔

اس جلسہ میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید منظر صادق زیدی، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید منور حسین رضوی مدیر جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب ، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اطہر عباس جعفری دفتر نمایندگی جامعۃ المصطفیٰ ہند نے تقاریر کیں۔

اس اختتامی تقریب میں طلاب مدارس علمیہ اور اساتذہ جامعہ ناظمیہ لکھنؤ کے علاوہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید زاہد احمد رضوی، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید صفدر حسین زیدی بانیٔ و مدیر جامعہ امام جعفر صادق علیہ السلام جونپور، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مرزا جعفر عباس سکریٹری جامعۃ التبلیغ لکھنؤ، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا اشتیاق حسین پرنسپل جامعہ ابوطالبؑ سیتاپور، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد اسحاق رضوی جامعہ سلطانیہ لکھنؤ، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید علی ہاشم عابدی، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید باقر کاظمی، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد ظہیر زیدی استاد حوزہ علمیہ غفرانمآبؒ لکھنؤ، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد مہدی رضوی استاد حوزہ علمیہ غفرانمآبؒ لکھنؤ نے شرکت کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .